بنگلورو۔12/اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ آگ حادثات کے مرحلے میں اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اپنی ڈیوٹی پر توجہ دینے والے فائر فورس کے جوانوں کو حکومت اور بھی بہتر سہولیات دینے کی قائل ہے۔آج ہولی ماؤ تالاب کے قریب ہر طرح کی سہولت سے لیس نئے فائر اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ آگ حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال کے مرحلے میں فائر فورس کا عملہ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے کود پڑتا ہے۔اس فورس کو آگ سے محفوظ رکھنے والے جدید ترین آلات اور ہنگامی حالات میں استعمال کیلئے درکار سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ نجی کمپنیوں کے اشتراک سے فائر فورس کو اور بھی سہولتیں مہیا کرانے پر خاص توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہولی ماؤ علاقہ میں فائر فورس کے 17 ویں اسٹیشن کے قیام سے شہر کے اس علاقہ کے لوگوں کو آگ حادثہ کی صورت میں کافی مدد ملے گی۔ نئے فائر اسٹیشن میں عملے کیلئے بہترین سہولیات سے آراستہ ایک جم، آرام کا کمرہ اور دیگر سہولیات نجی کمپنی ڈی ایل ایف کی طرف سے مہیا کرائی گئی ہیں۔ اس پروگرام میں وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی، میئر منجوناتھ ریڈی، رکن اسمبلی ستیش ریڈی، ڈی جی پی فائر فورس ایم این ریڈی، آئی جی پی ایچ ایس ریونا اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔